اسلام آباد (رم نیوز)جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدالت میں پیشی یا جیل میں ٹرائل کے لیے وزارتِ قانون کو دوبارہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی، جہاں عدالت نے یاد دہانی کروائی کہ اس سے قبل بھی وزارتِ قانون کو مراسلہ ارسال کیا جا چکا ہے، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم پیشی کے باعث آج کی سماعت میں کوئی باقاعدہ کارروائی ممکن نہیں ہو سکی۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز، راجا بشارت اور علی نواز اعوان عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ ان کے وکلا میں سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ، مرتضیٰ طوری اور دیگر بھی موجود تھے۔
عدالت نے وزارتِ قانون سے فوری جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔