مون سون کی شاندار انٹری، پنجاب بھر میں بارشوں سے موسم سہانا

لاہور (رم نیوز)مون سون سیزن نے ملک بھر میں اپنے رنگ جما دیے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہریوں نے موسم کی اس خوشگوار تبدیلی کا بھرپور لطف اٹھایا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹاؤن شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، کاہنہ، جلو موڑ، تاج باغ سمیت کئی علاقوں میں بادل جم کر برسے۔ شدید بارش کے باعث متعدد علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہو گئے، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کے بعد موسم دلفریب ہو گیا، جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب اور جوہرآباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔سیاحتی مقامات مری، مالم جبہ، کالام اور آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی۔ ایبٹ آباد میں ندی دوڑ میں طغیانی آ گئی، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ بند ہو گئی، جس کے باعث متعدد سیاح پھنس گئے۔