نیویارک (رم نیوز)پاکستان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا، جس کے دوران پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں صدارت کے دوران مجوزہ پروگرام آف ورک سے آگاہ کیا گیا۔
عاصم افتخار نے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت کو کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں نبھائے گا، تاکہ تمام رکن ممالک کو مؤثر طریقے سے شامل کیا جا سکے۔پاکستانی مندوب نے اس موقع پر بین الاقوامی چیلنجز کے حل کے لیے کثیرالجہتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور عالمی امن و استحکام کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان کی آئندہ صدارت نہ صرف اس کی سفارتی سرگرمیوں کو مزید نمایاں کرے گی بلکہ اقوام متحدہ کے فورم پر جنوبی ایشیا کے مؤقف کو اجاگر کرنے کا اہم موقع بھی فراہم کرے گی۔