منشیات کے خلاف جنگ میں نئی نسل کو محفوظ معاشرہ فراہم کریں گے: محسن نقوی

اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئی نسل کا حق ہے کہ وہ منشیات سے پاک معاشرے میں پرورش پائے گے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے۔منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کے لیے چیلنج بن چکا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو مشترکہ طور پر اس کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔ پاکستان اس جنگ میں دنیا کے ساتھ کھڑا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کیے ہیں اور اے این ایف کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف کے جوانوں نے منشیات کے خلاف جدوجہد میں قیمتی جانیں قربان کی ہیں اور ان شہداء کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات فروش انسانیت اور نوجوان نسل کے بدترین دشمن ہیں اور ایسے عناصر کو نشان عبرت بنانے کا قومی عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرہ قائم کیا جا سکے۔