کراچی(رم نیوز) شہر قائد میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی ۔
بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد علاقوں میں کرنٹ لگنے کے باعث زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔شدید بارش کے بعد کے الیکٹرک کا سسٹم بھی متاثر ہوا، اور 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں نارتھ ناظم آباد، موسیٰ کالونی، شادمان، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام میونسپل سروسز کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام عملہ فوری طور پر سڑکوں پر متحرک نظر آنا چاہیے تاکہ نکاسی آب اور دیگر امدادی کام بروقت انجام دیے جا سکیں۔