سیاحت قومی ترقی کا ستون قرار،پاکستان کو عالمی سیاحتی برانڈ بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی برانڈ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت کو قومی ترقی کے مرکزی ستون کے طور پر فروغ دیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اس مقصد کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

یہ بات انہوں نے سیاحت کے فروغ سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں ملک کے سیاحتی امکانات کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، اور جدید سہولیات کی فراہمی پر غور کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں، صحرا، میدان، دریا اور جنگلات میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر متعارف کروا کر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان ٹورزم ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (PTDC) کو ہدایت کی کہ سیاحتی زونز قائم کیے جائیں، صوبوں کے تعاون سے سیاحتی سرگرمیوں کو منظم کیا جائے، اور مقامی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحتی ترقی کے لیے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر مل کر کام کریں گے، جب کہ ملک میں میڈیکل ٹورزم، ثقافتی ورثے کی بحالی اور جدید سہولیات کی فراہمی کو بھی ترجیح دی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء، وزیراعظم کے مشیران اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔