پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی، فلسطین پر کھلی بحث کی میزبانی کرے گا: اسحاق ڈار

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اس صدارت کے دوران فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی کھلی بحث کا انعقادہوگا، جس سے عالمی سطح پر اس اہم موضوع پر توجہ بڑھے گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی حکمت عملی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے گا۔یہ پاکستان کی سلامتی کونسل میں آٹھویں مدت ہے اور 2013 کے بعد پہلی بار صدارت کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جو 2026 تک جاری رہے گی۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بتایا کہ پاکستان اپنی صدارت میں شفافیت، شمولیت اور مؤثر تعاون کو بڑھاوا دے گا تاکہ عالمی امن کی مضبوطی ممکن ہو سکے۔