اسرائیل غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر آمادہ، صدر ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر چکا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس دوران تمام فریقین کے ساتھ مل کر مستقل جنگ بندی کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔

اپنے سوشل میڈیا بیان میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کے نمائندوں کی آج اسرائیلی حکام سے غزہ کی صورتحال پر اہم اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے، جس میں جنگ بندی کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔صدر ٹرمپ نے توقع ظاہر کی کہ حماس اس پیشکش کو قبول کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو خطے کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہہ چکے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی آئندہ ہفتے تک ممکن ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو 7 جولائی کو امریکہ کا دورہ کریں گے اور صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔