وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر آج آذربائیجان روانہ ہوں گے

اسلام آباد (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور خطے کو درپیش اقتصادی و جغرافیائی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ ای سی او وژن 2025 کے پاکستان کے عزم کو دہرائیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی ECO کے رکن ممالک کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تجارت، توانائی کے شعبے میں تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کو مزید فعال بنانے اور خطے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔