سانحہ سوات پر ڈی جی ریسکیو خیبرپختونخوا انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش

پشاور(رم نیوز)دریائے سوات میں پیش آنے والے سانحہ کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیٹی نے ڈی جی ریسکیو خیبرپختونخوا شاہ فہد کو طلب کر کے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔کمیٹی نے ڈی جی ریسکیو سے واقعے کے وقت ان کی موجودگی کے بارے میں پوچھا، جس پر شاہ فہد نے بتایا کہ وہ اس وقت پشاور میں موجود تھے۔ کمیٹی نے سیلاب میں پھنسے افراد کی بازیابی کے لیے کی گئی کارروائیوں کی وضاحت بھی طلب کی۔

شاہ فہد نے کہا کہ 27 جون کو سوات میں مختلف مقامات پر سیلاب میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشنز کیے گئے، جن میں متعدد افراد کو محفوظ نکالا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 9 بج کر 45 منٹ پر ہنگامی کال موصول ہوئی جس پر فوری طور پر ایمبولینس، غوطہ خور، کشتی اور دیگر ریسکیو سامان موقع پر روانہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مینگورہ بائی پاس روڈ کے قریب دریائے سوات سے تین سیاحوں کو غوطہ خوروں نے بحفاظت نکالا۔ واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کو معطل کر کے اندرونی انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دریائے سوات میں اچانک سیلابی ریلے کے باعث 17 سیاح دریا میں بہہ گئے تھے، جس نے علاقے میں گہرا صدمہ اور غم و غصہ پیدا کیا تھا۔