سانحہ سوات میں کوتاہی ثابت ہونے پر سزا دی جائے گی:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور (رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سانحہ سوات کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ جس کسی کی کوتاہی ثابت ہوگی، اُسے سزا دی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، چاہے وہ کتنا بھی بااثر ہو۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے اور جو بھی فرد یا ادارہ اس سانحہ میں ذمہ دار ہوگا، اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثناء، پشاور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعلیٰ کی حفاظتی ضمانت میں توسیع دے دی۔وزیراعلیٰ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب اور اینٹی کرپشن سمیت مختلف اداروں میں وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمات درج ہیں، مگر ان مقدمات کی تفصیلات ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد حفاظتی ضمانت کی توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مقدمات کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ وزیراعلیٰ کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔