آئیوا (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو نوبل امن انعام کا اصل حقدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی سطح پر پانچ ممکنہ جنگوں کو روک کر دنیا کو تباہی سے بچایا، جس کی بدولت وہ عالمی امن کے لیے ایک مؤثر رہنما ثابت ہوئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ روکی گئی۔"میں نے دونوں ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر جنگ ہوئی تو امریکا تجارت بند کر دے گا، جس کے بعد دونوں پیچھے ہٹ گئے۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کوسوو اور سربیا کے درمیان تنازع، اور تین دہائیوں سے جاری کانگو اور روانڈا کی جنگ کو بھی ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق کانگو-روانڈا جنگ میں اب تک 60 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے تھے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایسی بڑی جنگیں روکنے کے باوجود مجھے نوبل انعام نہیں دیا جاتا، جبکہ یہ انعام ایک ایسے پروفیسر کو دے دیا جاتا ہے جسے لوگ جانتے بھی نہیں۔ٹرمپ نے اپنی خارجہ و معاشی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گزشتہ دور میں امریکا کی معیشت دنیا کی بہترین معیشت تھی، اور موجودہ دور میں بھی اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
انہوں نے آئندہ صدارتی مدت کے لیے قانون میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا"میں مزید چار سال کے لیے امریکا کا صدر بننے جا رہا ہوں۔ ہم امریکا کو دوبارہ محفوظ، طاقتور اور عظیم بنائیں گے۔صدر ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔