لاہور ہائیکورٹ کا کینال روڈ پر درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی کا حکم

لاہور(رم نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے کینال روڈ پر درختوں کی کٹائی پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے تحت ایک بھی درخت نہ کاٹا جائے۔ عدالت نے کہا کہ یہ درخت دہائیوں پرانے اور ماحول کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے درختوں کی حفاظت کا حکم دیا اور کہا کہ سی بی ڈی میں عمارتیں ماحولیاتی معیار کے مطابق بنائی جائیں اور ان کی چھتوں پر سبزہ لگایا جائے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ الیکٹرک ییلو بس منصوبے پر سروے جاری ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ منصوبہ قابل قبول ہے، مگر درختوں کو ہر صورت بچایا جائے۔عدالت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ماحول کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔