کراچی (رم نیوز)کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے 20 سے 25 افراد دبے ہو سکتے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد پولیس، رینجرز اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کر دیے۔ ملبے سے اب تک 5 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 6 زخمیوں کو زندہ نکال کر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جن میں 3 خواتین شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔
علاقہ مکین بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے تلے مزید افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے، جنہیں نکالنے کے لیے ہیوی مشینری کی مدد سے کارروائی جاری ہے۔ریسکیو ترجمان کے مطابق متاثرہ عمارت انتہائی خستہ حال تھی اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔