اسلام آباد(رم نیوز)ملک کے بالائی علاقوں میں جاری شدید بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح غیرمعمولی طور پر بلند ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر حکام نے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔
قومی آفات سے نمٹنے والے ادارے (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق، سپل ویز کھلنے سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جو 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ اس سے دریا میں طغیانی اور قریبی علاقوں میں سیلاب کی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ممکنہ متاثرہ آبادیوں کو بروقت آگاہ کرنے کا عمل جاری ہے۔
شہریوں کو دریائے سندھ، اس سے ملحقہ ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے سختی سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیاحوں کو دریائے سندھ کے کنارے واقع تفریحی مقامات پر احتیاط برتنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔