ٹرمپ نے ’بگ بیوٹی فل بل‘ پر دستخط کر دیے، غزہ میں جنگ بندی کا امکان

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکس اصلاحات، دفاعی اخراجات میں اضافے اور امیگریشن پالیسیوں پر مشتمل اپنے متنازعہ "بگ بیوٹی فل بل" پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے غزہ میں آئندہ ہفتے جنگ بندی کا عندیہ بھی دیا۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں فوجی خاندانوں کے ساتھ تقریب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں امداد بھیجی جا رہی ہے اور حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر مثبت ردعمل خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاغزہ سے متعلق بہت کچھ کرنا ہے، امید ہے آئندہ ہفتے معاہدہ طے پا جائے گا۔"

نئے بل کے تحت ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے،دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہےاور امیگریشن پالیسیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

افغانستان سے متعلق امریکی پالیسی پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اسے "امریکا کی تاریخ کا سیاہ دن" قرار دیا اور کہا کہ وہاں اربوں ڈالر ضائع ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے امریکی معیشت کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ"امریکی سٹاک مارکیٹ اپنی بلند ترین سطح پر ہے،امریکہ کی طاقت بحال ہو گئی ہے،اور بائیڈن دور میں غیر قانونی داخل ہونے والے 21 ملین افراد کے مقابلے میں اب بارڈرز زیادہ محفوظ ہیں۔"

دوسری جانب، فلسطینی تنظیم حماس نے بھی غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکی ثالثی پر مبنی مجوزہ منصوبے پر اپنا مثبت جواب دے دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی گروپوں سے مشاورت کے بعد مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔