لاہور (رم نیوز)نَویں محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے جا رہے ہیں۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ، اسلام پورہ سے برآمد ہو گا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں — اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی — سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہو گا۔ راستے میں مختلف مقامات پر نوحہ خوانی، نمازِ ظہرین اور نمازِ مغربین ادا کی جائے گی۔
جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لیے دودھ، شربت اور پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر طبی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں 79 جلوسوں کی نگرانی کے لیے 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں پولیس، رینجرز، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں۔
داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے ہیں۔جلوس کی نگرانی CCTV کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے کی جا رہی ہے۔اہم عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔
کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیے گئے ہیں، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔