کراچی (رم نیوز) کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں جمعہ کی صبح گرنے والی 5 منزلہ رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 27 ہو گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 16 مرد، 9 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ مزید 4 سے 5 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری اور ہیومن باڈی ڈیٹیکٹرز کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں مزید چند گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ سانحے سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور محفوظ رہائش کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔