لاہور / اسلام آباد(رم نیوز) مون سون بارشوں نے پنجاب کے مختلف شہروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی چلا گیا۔
جڑواں شہروں میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح خطرناک حد 15 فٹ تک بلند ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو تعینات کر دیا ہے۔تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
کہوٹہ میں ایک گھر کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔