لاہور(رم نیوز)پاکستانی ٹیم کا بنگلہ دیش کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا اعلان آج ہوسکتا ہے۔ ٹیم کی تیاریوں کے لیے ٹریننگ کیمپ کراچی میں لگایا جائے گا، جہاں تمام کھلاڑی کل رپورٹ کریں گے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز 20 جولائی سے شروع ہوگی، باقی دو میچز 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان دائیں کندھے کی تکلیف کے باعث سیریز سے باہر ہو سکتے ہیں، جبکہ فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر بھی انجری مسائل کے سبب اسکواڈ میں شمولیت سے محروم رہنے کا خدشہ ہے۔
ادھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان فاسٹ باؤلر سلمان مرزا اور سپنر صفیان مقیم کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ سکواڈ کے اعلان کے بعد کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا بغور جائزہ لے گا تاکہ سیریز میں بہترین کمبی نیشن میدان میں اتارا جا سکے۔