سانحہ لیاری: سندھ حکومت کا متاثرین کیلئے مالی امداد اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا اعلان

کراچی (رم نیوز)لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے جاں بحق 27 افراد کے لواحقین کو سندھ حکومت نے فی کس 10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو معطل کر دیا ہے اور واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے اور سربراہی کمشنر کراچی کو سونپی گئی ہے جو 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔وزیر بلدیات سعید غنی نے بتایا کہ 2022 سے تعینات تمام ایس بی سی اے افسران کو انکوائری میں شامل کیا جائے گا۔

کراچی کی 51 خطرناک عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں تاکہ انہدام کا عمل شروع کیا جا سکے۔