ٹیکساس میں خوفناک سیلاب، 104 افراد جاں بحق، 41 لاپتہ

ڈیلاس (رم نیوز)امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب میں 104 افراد جاں بحق جب کہ 41 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی کیئر کاؤنٹی میں ہوئی جہاں 75 افراد کی جانیں گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں سب سے خطرناک صورتحال اُس وقت پیش آئی جب "مسٹک" نامی لڑکیوں کا سمر کیمپ پانی کی زد میں آ گیا۔ کیمپ میں موجود طالبات اور عملے کے افراد میں سے 27 ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 10 لڑکیاں اور ایک کاؤنسلر تاحال لاپتا ہیں۔

علاقائی حکام کے مطابق، سیلاب کے وقت کیمپ کے آس پاس دیگر افراد بھی کیمپنگ کر رہے تھے، تاہم ان کی معلومات تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔دیگر متاثرہ کاؤنٹیز میں ٹریوس، برنیٹ، ولیمسن، کنڈل اور ٹام گرین شامل ہیں، جہاں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں کیچڑ، ملبے اور خطرناک سانپوں سے بھری صورتحال میں مسلسل کام کر رہی ہیں۔اس دوران وائٹ ہاؤس نے ان دعوؤں کو مسترد کیا ہے کہ موسمیاتی ایجنسی نیشنل ویدر سروس (NWS) کے بجٹ میں ممکنہ کٹوتیاں اس قدرتی آفت کے دوران امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت تمام لاپتا افراد کی تلاش کو یقینی بنانے اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاونت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔