لکی مروت: پولیس کی بروقت کارروائی، تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

لکی مروت(رم نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھانہ گمبیلا پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق 10 سے 12 دہشت گردوں نے تھانے پر حملے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے وقت پر دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت محسوس کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پولیس اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے۔

واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کی تلاش ممکن بنائی جا سکے۔آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آر پی او بنوں سجاد خان کا کہنا ہے کہ پولیس فورس جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور کسی بھی دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔