لاہور (رم نیوز)پنجاب میں مون سون بارشوں کا طوفانی سلسلہ جاری ہے، لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں، جن میں مال روڈ، گلشن راوی، داتا دربار، اسلام پورہ، ڈیوس روڈ اور لکشمی چوک شامل ہیں، میں تیز بارش ہوئی۔ ٹھنڈی ہواؤں اور بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
تاہم بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب رحیم یار خان، خان پور، کندیاں اور کلور کوٹ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور 17 جولائی تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے۔