مری (رم نیوز)سٹی ٹریفک پولیس مری نے سیاحوں کے لیے بارشوں کے دوران ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ سی ٹی او مری وسیم اختر نے ٹریفک سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ بارش کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک افسران دوران بارش چھتری و برساتی کا استعمال کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں دوسرے محکموں سے رابطہ رکھیں۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز فیلڈ میں موجود رہ کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھیں۔ شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں گاڑی کی رفتار کم رکھنا، سکرین وائپر اور ڈبل انڈیکیٹر کا استعمال شامل ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران اپنے بچوں کو خطرناک مقامات سے دور رکھیں اور صبر و تحمل کے ساتھ ڈرائیونگ کریں۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا ہے