پشاور (رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ غریب شہریوں کے خلاف ٹریفک چالان سے گریز کیا جائے اور صرف وارننگ دے کر چھوڑا جائے، تاہم قانون شکنی پر بااثر افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
پشاور میں پولیس سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، خیبر پختونخوا پولیس نے ہمیشہ بہادری سے فرائض انجام دیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کا سالانہ بجٹ 124 ارب سے بڑھا کر 158 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے شہید اہلکاروں کے ورثا کو پلاٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جبکہ رواں برس پولیس کو بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی ساز و سامان فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ کسی کی ناجائز سفارش نہ مانی جائے اور تمام فیصلے میرٹ پر کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اللہ کو جواب دینا ہے، کسی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہ لائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 4 اضلاع میں سیف سٹی منصوبوں پر کام جاری ہے اور پولیس کی حفاظت و بہتری کے لیے سرکاری وسائل مکمل طور پر دستیاب ہیں۔