پنجاب کے بعد سندھ میں بھی بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

لاہور، کراچی (رم نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے بعد اب بارشوں کا نیا نظام سندھ میں داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں آج شام سے تیز بارشیں شروع ہو سکتی ہیں۔

گھوٹکی، سکھر، سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بدین، سجاول، ٹھٹھہ، میرپور خاص اور مٹیاری میں بھی بارش کا امکان ہے۔ لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، شکارپور اور جیکب آباد میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں بھی شام سے بارش کا آغاز ہونے کا امکان ہے جو ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔