پشاور(رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس ایس ایم عتیق نے اپوزیشن جماعتوں کی درخواست پر جاری کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا آج شام 6 بجے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیں گے، جس سے سینیٹ انتخابات سے قبل پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کی توقع ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان تاحال حلف نہیں اٹھا سکے، جس سے ایوان کی تکمیل اور آئندہ انتخابی عمل متاثر ہو رہا ہے۔ درخواست پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، تاہم حکومتی رکن شیر علی آفریدی کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، اور اب یہ 24 جولائی دوپہر 2 بجے دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد اب امکان ہے کہ مخصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری کا عمل مکمل ہو جائے گا، جس سے ایوان کی تشکیل اور سینیٹ انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔