سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کل، حکومتی اتحاد کے امیدوار کو عددی برتری حاصل

لاہور(رم نیوز)پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کل ہوگا، جس میں چار امیدوار میدان میں ہیں۔ حکومتی اتحاد کو ایوان میں عددی برتری حاصل ہے، جس کے باعث مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔

"سینیٹ کی اس نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) کے حافظ عبدالکریم، تحریک انصاف کے مہر عبدالستار، جبکہ خدیجہ صدیقی اور اعجاز منہاس آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔پنجاب اسمبلی کی 371 میں سے اس وقت 2 نشستیں خالی ہیں، جس کے باعث 369 ارکان ووٹ ڈال سکیں گے۔ کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو کم از کم 185 ووٹ درکار ہوں گے۔

حکومتی اتحاد کو مجموعی طور پر 261 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جن میں مسلم لیگ (ن) کے 229، پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ (ق) کے 11، استحکام پاکستان پارٹی کے 7 اور مسلم لیگ (ض) کا ایک ووٹ شامل ہے۔