مخصوص نشستوں پر اپوزیشن کا حلف پارلیمانی تاریخ کا سیاہ باب ہے، بیرسٹر سیف

پشاور(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر اپوزیشن ارکان کی حلف برداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے پارلیمانی سیاست کا "سیاہ باب" قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے تحت پارلیمانی اصولوں کو پامال کیا گیا اور عوام کی طرف سے مسترد شدہ جماعتوں کو پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دی گئیں، جو ان کے مطابق جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر زبردستی قابض ہو کر اپوزیشن نے پارلیمانی نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، اور یہ عمل اُن سیاستدانوں کی نشاندہی کرتا ہے جو اقتدار کی خاطر ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن جماعتوں میں سیاسی اخلاقیات ہوتیں تو وہ ایسی نشستیں قبول نہ کرتیں۔اقتدار کی خواہش نے ان جماعتوں سے سیاسی اصول چھین لیے ہیں، جبکہ ہم عوامی حمایت کے باعث مطمئن ہیں۔

ان کا یہ بیان خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشمکش اور سینیٹ انتخابات سے قبل پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔