ماسکو (رم نیوز)روس کے مشرقی ساحل پر اتوار کو شدید نوعیت کے زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جن کے بعد امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
ابتدائی طور پر 5.0 اور 6.7 شدت کے جھٹکوں کے بعد زلزلے کی شدت 7.4 تک ریکارڈ کی گئی، جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 49 منٹ پر آیا۔ زلزلے کا مرکز بحرالکاہل میں واقع پیٹروپاولووسک-کامچاٹسکی شہر سے تقریباً 150 کلومیٹر مشرق میں تھا۔
USGS کے مطابق روسی ساحلی علاقوں میں 30 سینٹی میٹر سے 1 میٹر (تقریباً 3.3 فٹ) تک بلند سونامی لہریں اٹھنے کا امکان ہے، جبکہ جاپان اور امریکی ریاست ہوائی میں 30 سینٹی میٹر تک بلند لہریں متوقع ہیں۔
روسی وزارت ایمرجنسی نے بتایا کہ برنگ سمندر کے جنوب مغرب میں کمانڈر آئی لینڈز پر 60 سینٹی میٹر تک اور کامچاٹکا جزیرہ نما میں 15 سے 40 سینٹی میٹر تک اونچی لہریں اٹھنے کا اندیشہ ہے۔