سینیٹ میں خرید و فروخت روکی، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں: علی امین گنڈاپور

پشاور(رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت کی روایت کو ختم کیا گیا ہے، جبکہ پارٹی فیصلوں سے انحراف کرنے والے امیدواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے قبل مشاورتی ملاقات ہوئی، جس میں شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

انہوں نے کہا، "اسلام میں شک کرنا حرام ہے، ہم نے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس پر شک کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی جماعتوں میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی رہی ہے، لیکن ہم نے اس روایت کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔علی امین گنڈاپور کے مطابق پارٹی نے پہلے بھی پنجاب میں سینیٹ انتخابات کے دوران شفافیت یقینی بنائی تھی، اور خیبرپختونخوا میں بھی اسی اصول پر عمل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر عدالتی فیصلوں کے تحت حلف برداری جاری ہے، اور جو امیدوار پارٹی فیصلوں سے ہٹے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ "تمام فیصلے پی ٹی آئی بانی عمران خان کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں، اور ان سے انحراف دراصل پارٹی اور قائد دونوں کی نفی ہے۔