پشاور (رم نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 ارکان نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اراکین سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں سیاسی رہنماؤں، ارکان اسمبلی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں امیر مقام، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، مولانا لطف الرحمان، محمد علی باچا، رضا اللہ چغرمٹی، ملک طارق اور جلال خان بھی شریک تھے۔
منتخب ارکان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9 ارکان شامل ہیں جن میں 7 خواتین اور 2 اقلیتی نمائندے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے 8 ارکان نے حلف اٹھایا، جن میں 7 خواتین اور ایک اقلیتی رکن شامل ہیں۔پیپلز پارٹی کے 5 ارکان (4 خواتین اور 1 اقلیتی نمائندہ) نے حلف اٹھایا۔
عوامی نیشنل پارٹی کی 2 خواتین ارکان،پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ایک خاتون رکن نے بھی بطور ایم پی اے حلف لیا۔مجموعی طور پر 21 خواتین اور 4 اقلیتی نمائندے اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر رکن منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری تاخیر کا شکار تھی، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا کو حلف لینے کی ذمہ داری دی گئی، جس کے بعد آج کی تقریب منعقد ہوئی۔
یہ پیش رفت صوبے میں جمہوری عمل کے تسلسل اور خواتین و اقلیتوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی جانب اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔