بیجنگ (رم نیوز)معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستانی صارفین کی 2 کروڑ 49 لاکھ سے زائد ویڈیوز پلیٹ فارم سے ہٹا دیں۔ یہ اقدام کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کردہ سہ ماہی رپورٹ کے مطابق، جنوری سے مارچ 2025 کے دوران پاکستان میں 24,954,128 ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئیں، جن میں سے 99.4 فیصد ویڈیوز کو خودکار نظام کے ذریعے، اور 95.8 فیصد کو 24 گھنٹوں کے اندر حذف کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اسی مدت میں دنیا بھر سے 211 ملین ویڈیوز ہٹائی گئیں، جو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی مجموعی ویڈیوز کا تقریباً 0.9 فیصد ہیں۔ ان میں سے 18 کروڑ 43 لاکھ ویڈیوز کو خودکار سسٹم نے شناخت کر کے ہٹایا، جب کہ 75 لاکھ ویڈیوز کو جانچ پڑتال کے بعد دوبارہ بحال بھی کر دیا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ 99 فیصد مواد کو پوسٹ کیے جانے سے پہلے یا فوری بعد خودکار نظام کے ذریعے ہٹا دیا گیا، جبکہ 94.3 فیصد ویڈیوز کو صرف 24 گھنٹوں میں حذف کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 11.5 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کی شائستگی اور تحفظ کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی۔15.6 فیصد ویڈیوز پرائیویسی اور سیکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر مبنی تھیں۔ 45.5 فیصد ویڈیوز کو جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانے پر ہٹایا گیا۔
ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ وہ صارفین کے لیے ایک محفوظ، شائستہ اور ذمہ دارانہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھے گا۔