اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کو وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے زائرین سے متعلق نئی پالیسی پر بریفنگ دی، جس کے مطابق رواں سال زائرین کو سڑک کے ذریعے ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زائرین کو اربعین کے دوران سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے۔گوادر سیف سٹی منصوبے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر ہوا بازی کو خصوصی ہدایت دی گئی کہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ فلائٹس کا بندوبست کیا جائے تاکہ کسی کو سفر میں دشواری نہ ہو۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان میں کہا کہ زائرین اب صرف ہوائی راستے سے عراق و ایران جا سکیں گے، یہ ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ ہے۔