اربعین کے لیے پی آئی اے کا خصوصی فلائٹ آپریشن 8 اگست سے شروع ہوگا

کراچی (رم نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لیے 8 اگست سے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق خصوصی پروازیں 8 سے 11 اگست تک پاکستان سے عراقی شہر نجف روانہ ہوں گی۔واپسی کی پروازیں 18 سے 23 اگست تک نجف سے پاکستان آئیں گی۔

پی آئی اے نے اس فلائٹ آپریشن کے لیے فی مسافر کرایہ 675 امریکی ڈالر مقرر کیا ہے۔ادھر زائرین کی جانب سے کرایوں میں کمی اور مزید پروازوں کے اضافے کا مطالبہ سامنے آیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

ذرائع کے مطابق ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین ایران کے زمینی راستے سے عراق جاتے ہیں، تاہم اس سال حکومت نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر سڑک کے ذریعے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے بعد ہوائی سفر ہی واحد راستہ باقی رہ گیا ہے۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کے لیے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ضرورت کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔