لاہور(رم نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جمشید دستی کے خلاف جاری کارروائی کو بھی روک دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے وکیل سے وکالت نامے پر دستخط سے متعلق سوال کیا، جس پر وکیل نے اعتراف کیا کہ وکالت نامہ تاخیر سے سائن کیا گیا تھا۔
جمشید دستی کے وکیل اشتیاق چوہدری نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کسی عدالتی فیصلے کے بغیر ہی ان کے مؤکل کو نااہل قرار دیا، حالانکہ آئینی اور عدالتی نظیروں کے مطابق ایسا اقدام صرف عدالتی ڈکلیریشن کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ضمنی الیکشن کا شیڈول اور نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کی کارروائی معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت میں معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔