اسلام آباد (رم نیوز)ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ وہ اپنے دورے کا آغاز لاہور سے کریں گے، جہاں وہ مزارِ اقبال پر حاضری دیں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ان کا استقبال کریں گی۔
ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آ رہا ہے، جس میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سمیت دیگر اہم حکام شامل ہیں۔ دورے کے دوران صدر مسعود کی صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوں گی، جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں مختلف باہمی معاہدوں پر دستخط کی توقع ہے۔دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، سرحدی تجارت کو فروغ دینا اور علاقائی امور پر مشاورت کرنا ہے۔