ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے

لاہور (رم نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلے کے جھٹکے لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، چارسدہ، سوات، ہری پور، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں ہٹیاں بالا، جہلم ویلی اور چناری میں محسوس کیے گئے۔ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران اسلام آباد میں شدید بارش بھی جاری تھی، جس سے شہریوں میں مزید اضطراب پیدا ہوا۔

یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 114 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، جو باجوڑ سے تقریباً 102 کلومیٹر دور واقع ہے۔ زلزلے کے جھٹکے افغانستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ زلزلے ارضیاتی پلیٹوں کی حرکت اور زیرِ زمین دباؤ کے باعث آتے ہیں، جو خطے کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔