واشنگٹن، ماسکو (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے قریب دو ایٹمی آبدوزوں کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔ یہ حکم روس کے سابق صدر دمتری میدیدوف کی دھمکیوں کے جواب میں جاری کیا گیا ہے۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ یہ اقدام احتیاطی ہے تاکہ اشتعال انگیز بیانات کے نتائج سنگین نہ ہوں۔ انہوں نے نیوکلیئر آبدوزوں کی نوعیت اور تعیناتی کے مقامات کا تذکرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب، روس کے سابق صدر دمتری میدیدوف نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو الٹی میٹمز قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس کے پاس سوویت دور کی جوہری صلاحیتیں موجود ہیں جو آخری حد تک استعمال کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات تب ممکن ہوں گے جب روس کے فوجی مقاصد پورے ہو جائیں گے۔روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ مزید امن مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، لیکن جنگ کی موجودہ صورتحال کو اپنے حق میں قرار دیا ہے۔امریکہ نے روس کو یوکرین میں 10 دن کے اندر جنگ بندی کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم روس نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔ یوکرین اور اس کے یورپی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ روس امن میں سنجیدہ نہیں اور وقت ضائع کر رہا ہے۔