بونیر (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کسی خفیہ معاہدے یا سیاسی ڈیل کے ذریعے نہیں بلکہ قانونی جنگ کے نتیجے میں رہا ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں، لیکن وہ آج بھی پہلے دن کی طرح پُرعزم اور ثابت قدم کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ عمران خان پارٹی کے بانی تھے، ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ریاستی دباؤ، پابندیوں اور مقدمات کے باوجود ختم نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ عوام آج بھی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے حکومت اور الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، مگر ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکن مایوس نہ ہوں، آزادی اور انصاف کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔