لاپتہ افراد کیس: پشاور ہائیکورٹ کا وفاقی و صوبائی حکومت سے جواب طلب

پشاور (رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے تحریری جواب اور رپورٹس طلب کر لی ہیں۔جسٹس ارشد علی نے آٹھ لاپتہ افراد سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، پولیس فوکل پرسن اور وزارت داخلہ کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جانس خان کا شمار لاپتہ افراد میں نہیں ہوتا، انہیں غلط طور پر لاپتہ ظاہر کیا گیا تھا، درحقیقت وہ جیل میں تھے اور اب ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔ عدالت نے مؤقف سننے کے بعد جانس خان سے متعلق دائر درخواست خارج کر دی۔

عدالت نے دیگر کیسز میں تمام متعلقہ فریقین کو ہدایت کی کہ لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلی رپورٹس پیش کی جائیں تاکہ کیس کی مزید کارروائی ممکن ہو سکے۔