موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

گلگت (رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے گلگت پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے خطے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے، جس پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ان چند ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد یہ ایک اور وارننگ ہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مستقل حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

انہوں نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ گلگت بلتستان سمیت دیگر حساس علاقوں کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں دانش اسکول کے قیام اور سولر پارک منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا اعادہ بھی کیا، اور کہا کہ وہ ان منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے۔