لاہور(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب بھر میں مختلف شہروں میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق ہر حلقے میں احتجاجی مظاہروں کی تیاریاں مکمل ہیں اور اراکین اسمبلی، کارکنان، اور تنظیمی عہدیداران کو بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صدر پی ٹی آئی لاہور امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں مظاہرے ہوں گے اور کسی ایک مقام پر مرکزی احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم صورتحال کے پیش نظر متبادل منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔پولیس نے لاہور سے 300 سے زائد کارکنان کو حراست میں لیا ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر مرکزی احتجاج ممکن نہ ہوا تو حلقہ وار احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔