لاہور (رم نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے کیس کی سماعت کے دوران حکومت پنجاب کی ماحولیات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور مؤثر کوششوں کو سراہا ہے۔عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے کینال روڈ پر یلو ٹرین منصوبے سے متعلق بتایا کہ اس کا پی سی ون ابھی تک مکمل نہیں ہوا، اور منصوبے کی ہر صورت میں درختوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ عدالت نے کینال روڈ کے درختوں کو قومی ورثہ قرار دیتے ہوئے ان کی حفاظت کی ہدایت دی۔
جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کی ماحولیاتی اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ حکومت ماحولیات کے تحفظ میں سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے۔یہ سماعت شہری ہارون فاروق اور دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں پر ہوئی تھی، جن میں سموگ اور آلودگی کے خاتمے کے لیے حکومت سے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔