انسٹاگرام نے ’لائیو ویڈیو‘ فیچر تک محدود رسائی کا اعلان کر دیا

کیلیفورنیا(رم نیوز)انسٹاگرام نے اپنے مشہور ’لائیو ویڈیو‘ فیچر تک کروڑوں صارفین کی رسائی محدود کر دی ہے۔ اب وہ صارفین جن کے فالوورز ایک ہزار سے کم ہیں، انسٹاگرام پر لائیو سٹریمنگ نہیں کر سکیں گے۔ صرف وہ اکاؤنٹس جو 1,000 یا اس سے زیادہ فالوورز رکھتے ہیں، ہی لائیو ویڈیوز نشر کر سکیں گے۔

میٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام لائیو براڈکاسٹ کرنے والے صارفین کے تجربے اور فیچر کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کم فالوورز والے صارفین کے لیے یہ سہولت کیوں محدود کی گئی۔میٹا نے تصدیق کی کہ یہ تبدیلی صرف عوامی اکاؤنٹس تک محدود نہیں بلکہ جلد ہی پرائیویٹ اکاؤنٹس پر بھی نافذ کی جائے گی۔ اس وقت نوٹیفکیشن میں صرف پبلک اکاؤنٹس کا ذکر ہے کیونکہ رول آؤٹ مرحلہ وار جاری ہے۔

یہ نئی پابندی انسٹاگرام کی 2024 میں متعارف کرائی گئی سہولت پر بھی اثر ڈالے گی، جس کے ذریعے صارفین اپنے چند قریبی دوستوں تک محدود لائیو سیشن کر سکتے تھے۔