لاہور (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے ایک اور طاقتور سپیل کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے باعث دریائے چناب اور جہلم سمیت دیگر آبی گزرگاہوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔پیشگوئی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ مظفرآباد اور گردونواح میں ہونے والی بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق دریائے چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث ان دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو فوری ریسکیو اور نکاسی آب کے اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعظم نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔