دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے: علی امین گنڈاپور

کوئٹہ (رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ملک میں امن و استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔واضح رہے کہ مستونگ میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہو گئے، جب کہ جوابی کارروائی میں چار دہشتگرد مارے گئے۔