اسلام آباد (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بروقت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شمال مشرقی پنجاب کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جب کہ شام اور رات کے دوران ژوب، بارکھان، خضدار اور موسیٰ خیل کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو بارش کے پیش نظر الرٹ رہنے اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔