راولپنڈی (رم نیوز) پاک فوج نے پاک افغان سرحد سے پاکستان میں داخل ہونے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں 33 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 7 اور 8 اگست کو بھارتی حمایت یافتہ "فتنہ الخوارج" گروپ کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔ بیان کے مطابق، یہ گروپ پاک افغان سرحد سے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی کے دوران 33 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے بتایا کہ علاقے کو مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔